چاغی ( روزنامہ آزادی ): چاغی سے متصل پاک افغان سرحد کے قریب نیٹو کی بمباری سے چاغی اور نوشکی سے تعلق رکھنے والے 30سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ بمباری میں متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہوگئی ہیں ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق چاغی، نوشکی اور گردی جنگل کے علاقوں سے بتایا جاتا ہے گزشتہ شب نیٹو کے بمبار طیاروں نے پاک افغان سرحد کے قریب افغانستان کے علاقے بند تیمور کے قریب شدید بمباری کی جس میں بلوچستان کے علاقے چاغی اور نوشکی کے تعلق رکھنے والے 30 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ بمباری سے متعدد گاڑیوں کے تباہ ہونے کی بھی اطلاعات ملی ہیں ہلاک افراد میں سے 5کا تعلق چاغی، چار کا تعلق نوشکی جبکہ پچیس افراد کا تعلق گردی جنگل سے بتایا جاتا ہے بمباری کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں جھلس گئی ہیں جس کے باعث ان کی شناخت نہیں ہوپارہی ان میں سے ایک شخص مزار خان کو چاغی میں دفنا دیا گیا ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد منشیات کے کاروبار میں ملوث تھے جن میں پیر محمد، محمد عیسیٰ، مزار خان، قادر، کمال، بخت محمد، حسن، لالو، عبدالاحد، بختیار، دلدار اور دیگر افراد کی شناخت ہوگئی ہے بمباری سے کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں تاہم واقعہ کی سرکاری حکام کی جانب سے تصدیق نہیں ہوسکی۔
سوئزرلینڈ: ماہرین نے سافٹ ڈرنکس، سوڈا اور دیگر میٹھے مشروبات کے استعمال سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پیچیدہ کینسر لاحق ہوسکتا ہے۔
جرنل آف نیشنل کینسرانسٹی ٹیوٹ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق سوڈا اورسافٹ ڈرنکس سے صفرا کی نالیوں ( بائل ڈکٹ) اور پتے کا کینسر ہوسکتا ہے۔ تحقیق کے لیے ماہرین نے 70 ہزار سے زائد افراد کی مشروبات پینے کی عادت کو مسلسل 13 برس تک نوٹ کیا، اس دوران 150 افراد کو بائل ڈکٹ اور پتے کا کینسرہوگیا جس کے بعد معلوم ہوا کہ جن افراد نے روزانہ تین سے چار مرتبہ سافٹ ڈرنکس پی یا میٹھے مشروبات ( پھلوں کے رس کوہٹا کر) استعمال کئے ان کی اکثریت کو یہ کینسر ہوا اورعموماً لوگ اس قسم کے سرطان کے شکار نہیں ہوتے۔
ماہرین کے مطابق زیادہ سافٹ ڈرنکس پینے والے افراد میں ایسے کینسر کا خطرہ دوگنا ہوجاتا ہے اوردنیا میں یہ اپنی نوعیت کا واحد مطالعہ ہے جس میں سافٹ ڈرنکس سے پتے کے سرطان کا تعلق واضح کیا گیا ہے تاہم بعض ناقدین نے کہا ہے کہ اس میں تمباکو نوشی ، شراب نوشی اور دیگر عوامل کا جائزہ نہیں لیا گیا جو کینسر کی ممکنہ وجہ بھی بن سکتے ہیں۔



































